مقبوضہ بیت المقدس (نیوزڈیسک)اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنے جاسوس ایلی کوہن سے منسوب ہزاروں اشیا شام سے بازیاب کرلی ہیں ۔اسرائیلی وزیرعظم کے دفترکاکہنا ہے کہ شام میں محفوظ ایلی کوہن کا سرکاری آرکائیو کامیابی سےاسرائیل منتقل کرلیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہوکے دفتر نے گزشتہ روز اعلان کیا ہے کہ موساد کے مشہور جاسوس ایلی کوہن سے منسوب تقریبا ڈھائی ہزار دستاویزات ،تصاویر اور ذاتی اشیا شام سے بازیاب کرلی گئی ہیں ۔بیان میںکہا گیا ہے کہ موساد نے ایک پیچیدہ خفیہ آپریشن کے دوران ایک اسٹریٹجک شراکت دار ادارے کے تعاون سے شام میں محفوظ ایلی کوہن کا سرکاری آرکائیو اسرائیل منتقل کرلیا ہے۔ اس خزانے میں ہزاروں ایسی اشیاء شامل ہیں جو عشروں سے شامی خفیہ اداروں کی سخت نگرانی میں تھیں۔واضح رہے کہ ایلی کوہن کو اسرائیل میں قومی ہیرو کا درجہ حاصل ہے۔وہ1960 کی دہائی کے اوائل میں شامی حکومت میں اعلیٰ سطح پر رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔وہ 1965 میں پھانسی دیے جانے تک خفیہ طور پر سرگرم تھے۔ ان کی معلومات نے مبینہ طور پر 1967 کی چھ روزہ جنگ میں اسرائیل کو فیصلہ کن برتری دلانے میں مدد کی تھی۔