کراچی(نیوزڈیسک)بھارت کا پاکستان کے خلاف لانچ کیا گیا "آپریشن سندور" اس وقت تباہی میں بدل گیا جب چین کے جے-10 سی ملٹی رول لڑاکا طیارے کے ہاتھوں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ تباہ ہو گیا۔ جرمنی کے ایک موقر اخبار نے اس واقعے کو بھارت کے لیے شرمناک فوجی ناکامی اور مغرب کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے۔جرمن اخبار کے مطابق بھارتی پائلٹس کو پاکستانی فضائیہ کی جانب سے غیر متوقع اور شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اور بھارت اپنی تکنیکی برتری کے گھمنڈ میں مبتلا ہوکر پاکستان کی جدید فضائی صلاحیتوں کا درست اندازہ لگانے میں ناکام رہا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جے 10 سی طیاروں اور پی ایل میزائل سسٹم نے رافیل جیسے مہنگے اور جدید طیارے کو شکست دے کر بھارت کو شدید دھچکا دیا ہے، اور یہ واقعہ یورپی اسلحہ ساز کمپنیوں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بن گیا ہے۔دوسری جانب ایک امریکی دفاعی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ چین کا جے 10 سی طیارہ امریکا کے ایف 16 طیاروں کی عالمی برآمدات کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر چینی کمپنیاں ایف 16 کی مارکیٹ پر اثر ڈالنے میں کامیاب ہو گئیں تو یہ امریکا کے دفاعی شعبے کے لیے ایک زبردست دھچکا ہوگا۔