اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ہی آئی ٹی برآمدات 3.14 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، ڈیجیٹل نیشن کا خواب نہ صرف معیشت میں مدد کر رہا بلکہ پائیدار ترقی کیطرف لیکر جا رہا ہے، گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی کُل آئی ٹی برآمدات 3.2ارب ڈالر تھیں، اس سال ہم نے دس ماہ میں ہی 3اعشاریہ 14ارب ڈالر کی حد کو عبور کر رہے ہیں ، وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے فری لانسرز کی بھی پانچ سوملین ڈالر سے زائد کی ان پٹ ہے ، اس کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ہم آئی ٹی برآمدات 3.5 ارب ڈالرکو بھی کراس کر گئے ہیں ، انہوں نے کہا وزیراعظم کا ڈیجیٹل نیشن کا جو خواب وہ نہ صرف معیشت میں ہماری مدد کر رہا بلکہ ایک سسٹین ایبل گروتھ کی طرف لے کر جا رہا ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی ایکسپورٹس میں ٹریڈ سرپلس 2.7 ارب ڈالر رہا ہے جو تقریباً 50 فیصد بنتا ہے، یہ ٹریڈ سرپلس سروسز سیکٹر میں سب سے زیادہ ہے، اس سب چیز کی بنیاد پاکستان کی بہتر ہوتی معیشت اور معیشت کے پیچھے لیڈر شپ ہے۔