• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی میڈیکل، ڈینٹل کالج کو خود اپنی خالی نشستوں پر داخلہ دینے کی اجازت نہیں، پی ایم ڈی سی

کراچی( سید محمد عسکری) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے میڈیکل/ڈینٹل کالجز کو خود اپنی خالی نشستوں کو پر کرنے سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی میڈیکل/ڈینٹل کالج کو خود اپنی خالی نشستوں کو داخلہ دینے کی اجازت نہیں ہے۔ پی ایم ڈی سی کی رجسٹرار ڈاکٹر شائستہ کی جانب میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے پرسپلز کو مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ داخلہ لینے والی یونیورسٹیاں اپنے متعلقہ صوبوں/علاقوں کے تمام کالجوں میں PM&DC ایکٹ 2022 کے سیکشن 17 (5) کے تحت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) کے طے شدہ معیار کے مطابق داخلہ یقینی بنائیں۔ کونسل کی طرف سے دی گئی معافی کے تحت کئے گئے داخلے کو خطوط کے ذریعے تسلیم نہیں کیا جائے گا جبتک کہ داخلہ لینے والی یونیورسٹی کے ذریعہ انجام نہ دیا جائے۔ کسی بھی میڈیکل/ڈینٹل کالج کو خود اپنی خالی نشستوں کو پر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں خالی رہ جانے والی نشتوں کے لیے میرٹ میں کمی کردی تھی اور ایم بی بی ایس کے لیے ایم ڈی کیٹ کے پاسنگ مارکس 50 فیصد جب کہ بی ڈی ایس کے لیے 45فیصد کردیئے تھے۔ سندھ میں داخلہ دینے کی مجاز لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کو قرار دیا گیا تھا اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو نے درخواست دینے والے ہر امیدوار سے داخلہ کی مد میں 4500روپے الگ وصول کیئے تھے جب کہ ٹیسٹنگ ادارے نے امیدواروں سے ٹیسٹ کی مد 7ہزار روپے بھی وصول کیئے تھے۔
اہم خبریں سے مزید