لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران امریکہ کی بجائے اپنے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر قومی پالیسی بنائیں۔ پاکستان کے غیور عوام نے اسلام کیلئے اپنی افواج کا ساتھ دیاہے جس کے نتیجے میں اللہ نے ہمیں فتح مبین سے نوازا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالاکنڈ چکدرہ میں بھارت اسرائیل مردہ باد مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مارچ سے سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور امیر جماعت کے پی کے شمالی عنایت اللہ خان، فلسطینی رہنما بلال الاصطل،صوبائی سیکرٹری جنرل حلیم باچا اور آصف لقمان قاضی نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستانی افواج کی جرأ ت و بہادری پوری دنیا تسلیم کر چکی۔امن پسند اقوام کو ساتھ ملائیں اور اسرائیل کو واضح پیغام دیں۔اگر اسرائیل غزہ میں نسل کشی بند نہیں کرتا تو ہمیں بھی اسرائیل کو بھارت جیسا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔