کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی ریٹائرڈ اساتذہ و عمال کی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر توصیف احمد خان نے ریٹائرڈ استاد اور انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس کے سابق صدر پروفیسر اقبال عالم کو اساتذہ کا شہید قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پروفیسر اقبال عالم کو 5ماہ سے پنشن نہیں ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 9کے قریب اساتذہ و عمال پنشن کی عدم ادائیگی کی بناء پر انتقال کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے پروفیسر اقبال عالم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی کے آخری دم تک ریٹائرڈ اساتذہ کی جدوجہد میں شریک رہے۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پروفیسر اقبال عالم نے اعلان کیا تھا کہ اگر ریٹائرڈ اساتذہ و عمال نے واجبات کی ادائیگی کے لیے بھوک ہڑتال کی تو وہ اس بھوک ہڑتال میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کو پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی کی ذمہ داری اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ان کے سرپرست ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد پر عائدہوتی ہے۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ یونیورسٹی فنڈز میں موجود 67 کروڑ روپوں سے اساتذہ اور عمال کے واجبات کی ادائیگی کے لیے احکامات جار ی کریں۔