بھارتی سپریم کورٹ نے کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزیر وجے شاہ کی معذرت مسترد کرتے ہوئے نئی خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے اپنے حکمنامے میں یہ بھی کہا کہ نئی ٹیم میں ایک خاتون افسر کا ہونا ضروری ہے، وجے شاہ کی گرفتاری پر اس شرط پر اسٹے دیا کہ وہ تفتیش سے مکمل تعاون کریں گے۔
سپریم کورٹ نے دورانِ سماعت کہا کہ پورا ملک وجے شاہ کے گندے اور شرمناک بیانات پر شرمندہ ہے۔
خیال رہے کہ بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر وجے شاہ نے بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن کہا تھا۔
وجے شاہ نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ مودی نے دہشت گردوں کی بہن کرنل صوفیہ قریشی کو سبق سکھانے کے لیے آگے کر دیا ہے، کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن کہنے پر کانگریس کے کارکنوں نے بھارتی وزیر کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔