• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: اگلے 48 گھنٹوں میں امداد نہ پہنچی تو 14 ہزار بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اگلے 48 گھنٹوں میں امداد نہ پہنچی تو 14 ہزار بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے نائب سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے یہ وارننگ اُس وقت دی جب اسرائیل نے پیر کے روز پانچ امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی، جس سے 10 ہفتوں سے جاری فلسطینی علاقے کی ناکہ بندی میں معمولی نرمی آئی ہے۔

ٹام فلیچر
ٹام فلیچر

فلیچر کا کہنا ہے کہ وہ اگلے 48 گھنٹوں میں ان 14,000 بچوں میں سے جتنے زیادہ ہو سکے ان کی جان بچانا چاہتے ہیں۔

برطانوی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے فلیچر نے بتایا پانچ ٹرکوں میں لائی گئی امداد ضرورت کے مقابلے میں ’’سمندر میں ایک قطرہ‘‘ ہے۔

امدادی سامان، جس میں ’’بچوں کے لیے خوراک ‘‘ شامل ہے، سرحد کے دوسری طرف موجود ہے، لیکن ابھی تک کسی بھی کمیونٹی تک نہیں پہنچائی جاسکی ہے۔

فلیچر نے امید ظاہر کی کہ وہ منگل کے روز 100 ٹرک غزہ میں داخل کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانی امداد سے غزہ کو بھر دینا چاہیے۔

نائب سیکریٹری جنرل نے برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی جانب سے غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے اسرائیلی طریقہ کار کی مذمت کو خوش آئند قرار دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ سخت الفاظ تھے، لیکن اصل امتحان یہ ہے کہ اقوام متحدہ مزید امداد غزہ میں پہنچا سکتی ہے یا نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید