اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یورپی سفارتی وفد پر فائرنگ کردی، وفد ارکان نے بھاگ کر جان بچائی۔
یورپی سفارتی وفد جنین کیمپ میں اسرائیلی آپریشن کی تباہ کاریوں کا معائنہ کرنے آیا تھا۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج نے جنین میں غیر ملکی سفارت کاروں کے وفد پر فائرنگ سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گولیاں ’’وارننگ شاٹس‘‘ کے طور پر چلائی گئیں کیونکہ وفد نے اپنی منظور شدہ راہ سے انحراف کرتے ہوئے ایک ’’غیر مجاز‘‘ علاقے میں جانے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے یا نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، فوجی حکام مختلف ممالک کے سفارت کاروں سے رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کو سنبھالا جا سکے۔
دوسری جانب غزہ پر بھی اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، صبح سے اب تک مزید 50 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، اسرائیلی ناکا بندی کے باعث 2 مارچ سے اب تک غذائی قلت سے بھی 326 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اقوام متحدہ نے فوری خوراک نہ ملنے پر 14 ہزار بچوں کی اموات کا خدشہ ظاہر کردیا، یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں محدود امداد پہنچانے کا معاہدہ ہوگیا، اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللّٰہ بن زاید کا اسرائیلی ہم منصب سے رابطہ ہوا، جس میں غزہ میں جنگ بندی پر بھی بات ہوئی۔
وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کانز فلم فیسٹیول میں ہزاروں شہید فلسطینی بچوں کی ناموں والی ٹی شرٹ پہن کر شرکت کی۔