غزہ میں امداد پہنچانے کیلئے عرب امارات اور اسرائیل میں معاہدہ طے پاگیا، اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللّٰہ بن زاید نے اسرائیلی ہم منصب سے فون پر گفتگو کی۔
اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق یو اے ای کے وزیر خارجہ اور اسرائیلی وزیر خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو میں فوری انسانی امداد کی فراہمی کی اجازت کا معاہدہ طے پایا، ابتدائی امداد غزہ میں تقریباً 15 ہزار افراد کی غذائی ضروریات پوری کرے گی۔
امداد میں غزہ کی بیکریوں کیلئے ضروری سامان شامل ہوگا، امداد میں نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کیلئے اہم اشیاء بھی شامل ہوں گی، یہ اقدام فلسطینیوں کیلئے امداد کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
دوسری جانب نارویجن ریفیوجی کونسل (این آر سی) کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتحال بدترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جہاں آج کی صبح تک کوئی بھی انسانی امداد داخل نہیں ہوسکی۔
نارویجن ریفیوجی کونسل (این آر سی ) کے مشرقِ وسطیٰ کے ترجمان احمد بیرم نے عرب میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی محاصرے کے اثرات بدستور قائم ہیں اور جو چند امدادی ٹرک غزہ جانے کی اجازت حاصل کر پاتے ہیں، وہ مقامی ضروریات کے مقابلے میں نہایت قلیل ہیں، غزہ میں محاصرے کے اثرات مکمل طور پر قائم ہیں اور فوری بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔