پشاور (اے پی پی) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ثقافت و سیاحت زاہد چن زیب اور ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شاہ رخ علی کی ہدایات پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نتھیا گلی اور ڈونگا گلی بازاروں میں انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور غیر قانونی پارکنگ، سڑکوں کی بندش اور تعمیراتی سامان کی غیر مجاز ذخیرہ اندوزی سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔یہ آپریشن جی ڈی اے کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (BCA) کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے، جس میں جی ڈی اے کی فیلڈ ٹیمیں اور خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔انسداد تجاوزات مہم کے تحت سڑکوں پر قبضے، غیر قانونی ڈھانچوں اور تعمیراتی مواد کو ہٹایا جا رہا ہے تاکہ سیاحوں اور مقامی آبادی کو محفوظ، آرام دہ اور رواں ٹریفک کی سہولت فراہم کی جا سکے۔جی ڈی اے کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں تاکہ آئندہ کے لئے تجاوزات کی حوصلہ شکنی ہو اور گلیات کے پُرفضا علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے سازگار ماحول قائم رکھا جا سکے۔