پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ میں انڈس ہائی وے کی سیکیورٹی اور ٹریفک کی خراب صورتحال سے متعلق رٹ پر پولیس حکام نے عدالت میں رپورٹ جمع کردی ہے۔ رپورٹ میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کو برقررار رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی عدالتی احکامت پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز عدالتی احکامات پر متعلقہ افسران کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کی گئ۔ رپورٹ کے مطابق انڈس ہائی وے پر کوہاٹ اور کرک میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے صرف دو موبائل وین موجود ہوتی ہیں جبکہ کوہاٹ اور کرک میں7 ہائی ویز ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہوتے ہیں۔عدالتی احکامات پر صرف کوہاٹ میں ٹریفک اہلکاروں کی تعداد کو بڑھا کر 28 کیا جائے گا اس طرح کوہاٹ ٹنل اور درہ آدم خیل بازار میں اب 16 ٹریفک اہلکار تعینات کئے جائیں گے کوہاٹ بورڈ اور لاچی بازار میں بھی 4،4 ٹریفک اہلکار اب تعینات کئے جا رہے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد انڈس ہائی کے مختلف مقامات پر 130 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کی فرائض سر انجام دینگے۔اس طرح کرک میں صرف 12 اہلکار ٹریفک کنٹرول کرنے پر مامور کئے گئے ہیں،عدالت کے حکم پر سیکیورٹی اور ٹریفک اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کے لیے سربراہ پولیس اور دیگر ذمہ داران کو خط لکھ دیا گیا ہے۔کوہاٹ اور کرک میں اب ہائی وے ٹریفک یونٹ کی تعداد 3 اور اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر 20 کر دی جائے گی۔انڈس ہائی وے پر سیکیورٹی اور ٹریفک کی بہتری کے لیے عدالتی احکامات پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔