پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو 12 مہلک بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کے لئے بگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد سلیم خان اور ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اصغر خان نے مولوی امیر شاہ میموریل ہسپتال پشاور میں مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یونیسف، عالمی ادارہ صحت، گاوی او اور دیگر پارٹنر اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم خان نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بروقت ویکسین لگوائیں۔انہوں نے کہاکہ مہم 25 جولائی تک جاری رہے گی جس کا ہدف تقریباً 7 لاکھ ایسے بچے ہیں جو معمول کی ویکسینیشن سے رہ گئے تھے۔ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اصغر خان نے کہا کہ 12 روزہ مہم کے لئے صوبے بھر میں 4,000 سے زائد ویکسینیشن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں،مہم کا مقصد ان بچوں تک پہنچنا ہے جو معمول کی ویکسینیشن مہم سے محروم رہ گئے تھے، ویکسین نہ صرف بچوں کی قوت مدافعت کو بڑھائے گی بلکہ متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نےکہا رواں سال خیبرپختونخوا میں خسرہ کے 3,000 اور خناق کے 219 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں تاہم صوبے میں خناق سے بچاؤ کے ویکسین کی کوئی قلت نہیں ہے اور محکمہ صحت کے پاس وافر مقدار میں اسٹاک موجود ہے۔ڈاکٹر اصغر نے کہا کہ پچھلی مہم کے دوران صوبے بھر میں 5 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین لگائی گئی تھی۔