پشاور(جنگ نیوز)میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہے کہ پشاور جیسا شہر دنیا میں کہیں نہیں، اس کے بازاروں سے میرا دل کا رشتہ ہے، عوام اور تاجروں کے مسائل حل کر کے دل کو سکون ملتا ہے، خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قصہ خوانی بازار پشاور اور اس سے ملحقہ بازاروں کے عہدیداروں جن میں قصہ خوانی بازار کے صدر شیخ عبد الرزاق، جنرل سیکرٹری ملک اصغر ، صدر کباڑی بازار ضفیر گل، جنرل سیکرٹری شہزاد، شاہ گل، ملک اختر وحید جنرل سیکرٹری ، اور دیگر مشران شامل تھے سے ملاقات اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تاجروں کے وفد نے میئر پشاور کی جانب سے قصہ خوانی بازار سے پارکنگ کے مسئلے کے خاتمے اور بازار کی خوبصورتی کو مزید نکھارنے میں بھرپور کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ پارکنگ بارے تاجروں کے مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے میئر پشاور حاجی زبیر علی نے جو حل نکالا ہے اس پر ہم سب یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ اس کے بدلے ہم سب مل کر ان سٹریٹ لائٹس اور بازار کی خوبصورتی کے لیے لگائے گئے پودوں کا بہترین خیال رکھیں گے ۔ اجلاس سے خطاب میں میئر پشاور حاجی زبیر علی کا کہنا تھا کہ پھولوں کا شہر پشاور اور اس کے لوگ میرے دل کے بہت قریب ہیں، اس شہر کے بازاروں اور گلیوں میں ہی بڑا ہوا اور ان سے کئی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قصہ خوانی بازار ہمارے شہر پشاور کا تاریخی حیثیت رکھنے والا بازار ہے ، اسی طرح اس سے جڑے دیگر بازار بھی ہمارے محنت کش تاجر بھائیوں کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، ایسے میں بازاروں کے مسائل کو حل کر کے اپنے لیے ان اقدامات کو باعث فخر سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے اس گلشن کا خیال رکھنا ہوگا، اور یہ رویہ اور سوچ اپنی نسلوں کو منتقل کرنا ہوگا تب ہی ہم اپنے اس شہر کی عظمتِ رفتہ کو بحال رکھ سکتے ہیں۔