کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حالیہ پرتشدد واقعات میں ٹرانسپورٹرز کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے، جس کے ازالے کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے، جو 10دن میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔وہ ہفتے کو یہاں کمشنر کراچی کے آفس میں ٹرانسپورٹرز کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جو اندرون سندھ پرتشدد واقعات کے ضمن میں سینئر وزیر سے مذاکرات کے لیے آئے تھے۔اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو میںوزیر ٹرانسپورٹ نےکہا کہ ٹرانسپورٹ ایک اہم محکمہ ہے اور حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرے، گاڑیاںجلانا کسی مسئلے کا حل نہیں! بلکہ ایک سنگین جرم ہے۔صوبائی وزیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کے 4ڈرائیورز جاں بحق ہوئے ہیں اور کسی کی جان لینا گویا ایک پورے خاندان کو سزا دینے کے مترادف ہے، یہ سب دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے اور جن افراد نے گاڑیاں نذر آتش کیں اُن کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات حکومت خود درج کرائے گی۔