بلوچستان کے صوبائی وزراء و سرکاری افسران نے کہا ہے کہ جنگ میں بری طرح شکست کے بعد بھارت نے بچوں کو نشانہ بنایا، بزدل دشمن کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے، سانحۂ خضدار کے معصوم شہداء کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔
آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) خضدار میں شہید طلباء و طالبات کی یاد میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔
بلوچستان پولیس کے دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، مختلف سیاسی، انتظامی اور سماجی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں صوبائی وزیر نور محمد دومڑ، مشیرِ کھیل و ثقافت مینہ مجید بلوچ بھی شریک تھیں۔
کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، ڈی سی مہراللّٰہ بادینی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر سول سوسائٹی، مختلف اسکولوں کے طلباء نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے شمعیں روشن کیں۔
صوبائی وزیرِ خوراک نور محمد دمڑ ، صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ اور وزیرِ اعلیٰ کی مشیر مینہ مجید نے سانحۂ خضدار کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کونشانہ بنایا ہے، شہید ہونے والے بچوں کے ہاتھ میں بندوق نہیں بلکہ قلم تھے۔