لاہور (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بننے اور قومی ہیرو ڈاکٹر عبد القدیر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 28مئی کو ”یوم تکبیر و یوم ڈاکٹر عبد القدیر خان“بھر پور انداز میں منائے گی ۔احتجاجی ریلیوں اور سیمینار ز کا اہتمام کیا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاپاکستانی قوم ڈاکٹر عبد القدیرخان سمیت تمام سائنس دانوں کی انتھک محنت اور وطن سے محبت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ہمارے ہیروز ہی ریاست کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر دنیا میں دہشت گردی پھیلانے والی بھارت حکومت کو یہ بات اچھی طرح جان لینی چاہئے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور امن پسند ملک ہے جو خطے میں امن کو خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں ظلم و جبر اور بربریت کا شکار ہیں۔ وہاں پر آباد اقلیتیں جو بھی رویہ اختیار کر لیں، مگر ہندوانتہا پسندانہ سوچ کے حامل افراد ان کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں جس کی واضح مثال بھارتی فوج کی ترجمان مسلمان خاتون کے ساتھ ہتک آمیز رویہ ہے۔