راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے زنا باالجبر اور بدفعلی کے عادی مجرمان کی نگرانی کے لئے الیکٹرک بینڈزحاصل کرلئے ،عادی مجرموں کی مانیٹرنگ کے لئے ان کے ٹخنوں پر الیکٹرک بینڈز فکس کئے جائیں گے جو سی سی ڈی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے ،اور ان بینڈزکے ذریعے اخلاقی جرائم میں ملوث عادی مجرموں کی ہمہ وقت کڑی نگرانی کی جائے گی،ذرائع کاکہناہے کہ ریپ اوربدفعلی کے دویا زیادہ مقدمات میں ملوث مجرموں کو مذکورہ الیکٹرک بینڈزلگانے کا فیصلہ کیاگیاہے ،اس حوالے ابتدائی طور پر 130الیکٹرک بینڈزحاصل کئے گئے ہیں جو پنجاب کے مختلف اضلاع میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو دئیے جائیں گے ،ذرائع کاکہناہے کہ پہلے مرحلے میں اخلاقی جرائم کے عادی مجرموں کی مانیٹرنگ کے لئے بینڈزلگائے جارہے ہیں بعدازاں دیگر سنگین جرائم کے مجرموں کی نگرانی کے لئے بھی ایسے بینڈزکااستعمال کیاجائے گا، بینڈ لگنے کے بعد مجرمان مخصوص علاقے تک محدود رہیں گے اور ان کے کے ذریعے ہر گھنٹے بعدان کی لوکیشن چیک کی جاسکے گی ،بینڈ زکوخراب کرنے یا اتارنے پر فوری الرٹ جاری ہوگا، سی سی ڈی حکام کے مطابق مخصوص علاقوں سے باہر نکلنے کیلئے مذکورہ مجرموں کو متعلقہ حکام سے اجازت لینا ہوگی، اس حوالے سے تمام اضلاع میں ریپ اور بدفعلی کے عادی مجرموں کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔