کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ٰکی اپیل پر جماعت اسلامی کے تحت 28مئی ”یوم ِ تکبیر“ کو ”یوم ڈاکٹر عبد القدیر خان“ کے طور پر منایا گیا اور ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں محسن ِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے کلیدی کردار پر انہیں زبردست خراج ِ تحسین پیش کیا گیا، ٹاؤن اور یوسیز کی سطح پر بینرز آویزاں کیے گئے اور کمیپ بھی لگائے گئے، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اس سلسلے میں ضلع کیماڑی کے تحت سعید آبادبلدیہ ٹاؤن میں کیمپ کا دورہ کیا اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایٹمی صلاحیت دلوانے اور قومی دفاع کو ناقابل ِ تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات اور کلیدی کردار کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی،پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان جس طرح مضبوط اور طاقتور ہو کر اُبھرا ہوا ہے اسے مزید مستحکم اور عالمی سطح پر ایک پُر وقار اور خود مختار ریاست کے طور پر منوانا ہے،پاکستان کو اس قابل بنانا ہے کہ پوری امت اور مظلوم انسانیت کی مدد اور داد رسی کر سکے۔