کراچی(اسٹاف رپورٹر ) مختلف سیاسی ،مذہبی جماعتوں اور دیگر تنظیموں کی جانب سے یوم تکبیر پر ریلیاں نکالی گئیں ،تفصیلات کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام 3 بڑی تکبیر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی، شرکاء نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے پر ڈاکٹر عبد القدیر خان، ان کی ٹیم اور افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ، سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے یوم تکبیر کے موقع پر مختلف شہر وں میں پفتح مبین سمینارز سے مواصلاتی خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان خود مختار آزاد ریاست ہے جو اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگا،یوم تکبیر در حقیقت ہماری خودداری،سائنسی ترقی اور عسکری خود انحصاری کا مظہر ہے،تکریم شہداء فاونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی اسٹارگیٹ شارع فیصل سے شروع ہو کر شارع قائدین سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے 28مئی یوم تکبیر کے موقع پر کہا ہے کے پاکستان دنیا اور باالخصوص اسلامی دنیا میں ایٹمی پاور کے طور پر ابھرا یہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے، یوم تکبیر ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ اس دن ہم پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے عہد کی تجدید کریں۔