کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “کے آغاز میں پروگرام کے میزبان شہزاد اقبال کیساتھ کرپٹو مائننگ کیلئے حکومت کے غیر معمولی اقدامات سے متعلق معاون خصوصی (بلاک چین و کرپٹو) بلال بن ثاقب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹو کو ریگولیٹ نہ کرنا بڑا رسک ہے حکومت اپنے ڈالر ریزرو کو بٹ کوائن ریزرو بنانے کے لئے استعمال نہیں کرے گی۔مشیر وزیراعظم (سیاسی امور) رانا ثناء اللہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ PTIاحتجاج کی کال دیکر اپنے لئے مشکلات پیدا کررہی ہے۔بلال ثاقب نے ملک میں کرپٹو مائننگ اور بٹ کوائن اسٹریجک ریزرو بنانے پر خدشات مسترد کر دیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے جو بٹ کوائن ضبط کئے ان سے ریزرو بنائے جائیں گے۔کرپٹو مائننگ کے لئے دی گئی بجلی سے حاصل کردہ بٹ کوائن بھی ریزرو میں جائیں گے۔رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو سارے معاملات ہیں ان کو اجتماعی طور پر دیکھیں تو پی ٹی آئی جس راستے پر چلتی رہی ہے ۔ جس راستے پر ابھی بھی گامزن ہے اسے قطعاً احساس نہیں ہے کہ اس کی سیاسی صلاحیت کیا ہے ۔اس کے بعد یہ اندازہ کرنا کہ اگلا سال یا اگلے دو تین سال کیسے گزریں گے اتنی مشکل بات نہیں ہے۔انہوں نے پھر احتجاج کی کال دے دی ہے۔ یہ خوامخواہ اپنے لئے اور کارکنان کے لئے مشکلات پیدا کریں گے۔یہ کال دیں گے تو کچھ نہ کچھ لوگ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں گے اور دھر لئے جائیں گے۔