کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)ڈراموں اور فلموں کی مقبول ہیروئن سونیا حسین نے کہا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئی تھی، دو دِن تک کام نہیں کیا،میٹرک میں تھی، تو ڈراموں میں اداکای شروع کردی تھی ،رافع راشدی نے’’دیمک‘‘ فلم بناکر پاکستانی سینما کو ایک نئی جہت دی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ کہ انہوں نےمجھےاپنی نئی فلم بنانے کے لیے فنڈز دیئے،اپنے پورے کیریئر میں کم پروجیکٹس کئے کیونکہ میں بہت چُوزی ہُوں،نئی فلم ’’دیمک‘‘کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے 2دن تک فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اِن دنوں میں نے اپنا کافی وزن کم کیا ہے، کیونکہ اسکرین پر تین کلووزن زیادہ نظر آتا ہے۔۔ اِنزائٹی اور ڈپریشن کے دوران انسان زیادہ کھانا کھاتا ہے۔’’پنجاب نہیں جاؤں گی،لاہور سے آگے‘‘اس طرح کی فلمیں بہت ہوگئیں، پروڈیوسر کو لگتا ہے کہ یہی سب کچھ بِک رہا ہے، اس لیے وہ یہی بنارہے ہیں، لیکن ہدایتکار رافع راشدی نے مختلف فلم بناکر پاکستانی سینما کو ایک نئی جہت دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہمیں پاکستان فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنا ہوگا، تاکہ ہم دنیا کو بتاسکیں کہ ہم بھی معیاری اور دلچسپ فلم بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ فلم ’’دیمک ‘‘نہ صرف ایک ہاررمووی ہے، بلکہ اس میں ساس ،بہو کی روایتی چپقلش بھی دیکھنے کو ملے گی۔ یہ ایک مکمل فیملی ڈراما ہے۔ اِن دنوں ہمارے ٹیلی ویژن ڈرامے عُروج پر ہیں اور دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ فلم انڈسٹری بھی ڈراموں کی طرح ترقی کرے ، اچھے اور معیاری پروجیکٹس بنانے کے لیے میں نے بھی پروڈکشن کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے اور ایک شاندار اعلیٰ معیار کی فلم بنانے کی تیاری کررہی ہُوں، جس کی کچھ شوٹنگ لندن میں ہوگی اور کچھ سین دبئی میں فلمائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پنجاب گورنمنٹ اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کروں گی کہ انہوں نے فلم بنانے کے لیے فنڈز ریلیز کیے، تو ہم اس قابل ہوئے۔ سونیا حسین کا مزید کہنا تھا کہ فلموں کے حوالے سے ہمارے پاس جدید ٹیکنالوجی میسر نہیں، لیکن کم وسائل میں رہ کر بھی عمدہ کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ خُوبصورت اداکارہ سونیا حسین نے بتایا کہ میں نے کم عمری میں ہی شوبز انڈسٹری جوائن کرلی تھی، پہلا پروجیکٹ میں نے اُس وقت کیا، جب میں میٹرک میں پڑھتی تھی، اُس کے بعد پڑھتی بھی رہی اور شوبزنس میں کام بھی کرتی رہی، پری میڈیکل کیا اورپھر چارسال کا بی ایس کیا۔ میں نے اپنے پورے کیریئر میں کم پروجیکٹس کیے۔