کراچی (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دنیا میں اچھے دوست ہیں جنہوں نے ہمیشہ ساتھ دیا، تمام دوست ممالک پاکستان کی حمایت کرتے ہیں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی نظریں مسئلہ کشمیر پر لگی ہوئی ہیں، (ن) لیگ کی حکومت کے اقدامات سے عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا، لوگ دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب میں حالات دن بدن بہتر ہوتے جارہے ہیں، شہباز شریف اور مریم نواز کے اچھے کاموں کی وجہ سے عوام نے ضمنی الیکشن میں ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو احساس ہونا چاہیے کہ کشمیر پر منظور شدہ قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت کے اقدامات کے معیشت اور سیاست پر اچھے اثرات پڑ رہے ہیں۔