پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبر پختونخوا میں ادویات سکینڈل میں ملوث محکمہ صحت کے ملازمین سے ایک ارب 36 کروڑ 80لاکھ روپے وصول کرنے کے لئے دس ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے ہیں جبکہ تمام افسروں کو ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں ادویات کی خریداری میں گھپلوں کا انکشاف ہوا تھا ادویات کی خریداری نگراں دور حکومت میں ہو ئی تھی جس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے محکمہ صحت میں مبینہ گھپلوں ،بدعنوانی اور بدانتظامی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 10ملازمین کے خلاف کارروائی کی منظوری دی ہے۔ کارروائی کے تحت 10 افسران کو ملازمت سے برطرف کرتے ہوئے ان میں سے 8افسروں سےفی کس 17 کروڑ 10 لاکھ روپے کی وصولی کے لیے شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں جبکہ دو اہلکاروں کو محض برطرف کیا گیا ہے، ان پر مالی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا۔جاری کردہ نوٹسکے مطابق محکمہ صحت میں ادویات کی خریداری، اسٹوریج، ترسیل اور ادائیگیوں کے دوران سنگین مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افسران نے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے ناقص میڈیسن کی خریداری کی، کمپنیوں کو غیر قانونی ادائیگیاں کیں اور نگرانی کے نظام کو مفلوج رکھا، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔