• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈمنسٹریٹو و پولیس سروس کے 113 افسران کی ترقی اور پوسٹنگ کے منتظر

اسلام آباد(رانا غلام قادر ) وفاقی بیورو کریسی کے دو اہم ترین سروس گروپ پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروس اورپولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ انیس اور بیس کے113افسران تین ہفتوں سے پروموشن او رپوسٹنگ کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے 13مئی کو سنٹرل سلیکشن بورڈ کی سفارش پر ان سینئر بیورو کریٹس کو ترقی دینے کی منظوری دی تھی تاہم ابھی تک ان دو سروس گروپوں کےافسروں کا پوسٹنگ پلان منظور نہیں کیا گیا۔ ذ رائع کے مطا بق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پوسٹنگ پلان منظوری کیلئے اسی روز وزیر اعظم اآفس بھجو ادیا تھا تاہم ابھی تک وزیر اعظم آفس نے اس پوسٹنگ پلان کی منظوری نہیں دی۔ منظوری کے بعد ہی نو ٹیفیکیشن جاری کئے جائیں گے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ نے دیگر سروسز کے جتنے افسروں کی ترقی کی منظوری دی تھی ان کی ترقی کے نو ٹیفیکیشن جا ری ہوچکے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سیکر ٹیریٹ گروپ کے47افسروں کی ترقی اور پوسٹنگ کے نو ٹیفیکیشن بھی جاری کردیے ہیں لیکن سب سے طا قتور اور با اثر سمجھے جانے والے سروس گروپ پا کستان ایڈ منسٹر یٹو سروس اور پولیس سروس کے افسران ابھی تک ترقی کے انتظار میں ہیں۔سول سروس کی تاریخ میں پہلی باریہ ہوا ہے کہ سب سے طاقتور سروس گروپس کے نوٹیفیکیشن تاخیر کا شکار ہوئے ہیں۔ترقی کا نوٹیفیکیشن نہ ہونے کی وجہ سے ان افسروں میں مایوسی اور بے چینی پائی جا تی ہے۔
اہم خبریں سے مزید