اسلام آ باد(نمائندہ جنگ)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات کی اور ترکمانستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے دی جانے والی پرخلوص مہمان نوازی پر دلی تشکر کا اظہار کیا ،ملاقات کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں سیاسی، سفارتی، تجارتی و اقتصادی، توانائی، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور انسانی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت شامل تھی ،چیئرمین سینیٹ نے ترکمانستان کی اصولی پالیسی ʼغیرجانبداریʼ کو بھی سراہا اور اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا ،ترکمانستان کے صدر نے دونوں برادر ممالک کے گہرے تعلقات کو تسلیم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ چیئرمین سینیٹ کا یہ دورہ پارلیمانی اور بین الحکومتی تعاون کو مزید تقویت دے گا۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ آف پاکستان کے اراکین کو 2025 میں "سالِ امن و اعتماد" کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی ،ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا: "ترکمانستان کے صدر سے ہماری ملاقات نہایت مثبت رہی، ہم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور متعدد جاری و مجوزہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔