کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناردرن بائی پاس عثمانیہ سوسائٹی کے قریب مبینہ طور پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ناردرن بائی پاس عثمانیہ سوسائٹی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 18 سالہ یوسف ولد یونس شدید زخمی ہوگیا جسے ورثاء شدید زخمی حالت میں نجی اسپتال لے کر گئے،اس دوران وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔واقعہ پر سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانہ سچل پولیس حدود کے معاملے پر الجھی رہی۔مقتول زکریا گوٹھ کا رہائشی تھا۔ مقتول کے ورثاء نے بتایا کہ عثمانیہ سوسائٹی کے قریب مقتول دکان پر بیٹھا تھا۔ وہ دکان سے اٹھا اور موٹرسائیکل میں پیٹرول ڈلوانے کیلئے پیڑول پمپ جانے کیلئے موٹرسائیکل پر نکلا تھا اسے ڈکیتوں نے گھیر لیا ،ملزمان نے مقتول سے نقد رقم،موبائل فون چھینے کے بعد موٹرسائیکل چھینی جس پر یوسف نے مزاحمت کی تو ملزمان نے گولی مار دی اور ملزمان سامان لوٹ کرفرارہوگئے۔