لاہور( خصوصی نمائندہ ،جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے شرکت کی ، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز بھی شریک ہوئے ، سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ کابینہ کمیٹی نے میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کر دی ، خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے،کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالوں کیلئے بینرز اور بورڈز لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی عمران، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں سے حکام نے اجلاس میں شرکت ۔خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقات کی ۔ علماء کرام میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان سے ڈاکٹر مفتی محمد یونس رضوی، مولانا محمد طاہر شہزاد، مولانا عمران الحسن فاروقی سمیت دیگر شامل تھے ۔