• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانوں کیلئے نصب فواروں سے طوطوں نے پانی پینے کا طریقہ سیکھ لیا

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں مقامی نسل کے طوطے (کوکاٹوز) نے فواروں سے پانی پینے کا طریقہ سیکھ لیا۔ 

آسٹریلیا میں محققین کی ایک ٹیم کے ایک تحقیقی مقالے کی اشاعت ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سلفر کریسٹڈ کوکاٹوز (بڑی کلغی والا طوطا) کی آبادی نے کس طرح فواروں کو آپریٹ کرکے پانی پینا سیکھا، جو انسانوں کے استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 

اس ٹیم کی یہ تحقیق جرنل بیالوجی لیٹرز میں شائع ہوئی ہے، محققین کے مطابق انھوں نے کیمرے نصب کیے تھے جس میں 44 دنوں کے دوران ایسی پانچ سو سے زیادہ کوششیں ریکارڈ ہوئی ہیں جو کہ ان طوطوں کی جانب سے پبلک ڈرنکنگ فاؤنٹینز (پانی پینے کے عوامی فوارے) کو استعمال کرکے پانی پینے کے لیے کی گئی تھیں۔

ٹیم کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں موجود پرندے پانی کے فواروں کو کامیابی سے چلاتے اور تقریباً 46 فیصد وقت تک پانی پیتے رہے۔ محققین نے تحریر کیا کہ طوطوں نے پانی کے بہاؤ کو کھولنے کےلیے دونوں پاؤں، چونچ اور جسم کے وزن کو استعمال کر کے پانی اسٹارٹ کیا۔

اس تحقیق کے شریک مصنف اور کنسلٹینسی فرم ایکو شور کے سینئر ایکولوجسٹ جان مارٹن نے کہا کہ ہماری ٹیم دراصل کوکاٹوز کی خوراک کھانے کی عادات کا مطالعہ کر رہی تھی۔

انھوں نے کہا اس دوران ہم نے مغربی سڈنی میں کھیلوں کے میدان میں ان کو پینے کے پانی کے فواروں کو استعمال کرتے ہوئے دیکھا۔ جس میں یہ طوطے ان فواروں پر چڑھ کر اسکے ہینڈل کو پکڑ کر اسے پش کر کے اسٹارٹ کرتے اور پانی پیتے نظر آئے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید