کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) عیدقرباں پرگوشت کے بے دریغ استعمال سے بڑی تعداد میں شہریوں کی طبیعت خراب ہوئی ۔ بسیار خوری و بدپرہیزی سے شہری ڈائیریا، گیسٹرو اور پیٹ کےدیگر امراض میں مبتلا ہوئے جبکہ دل کے امراض میں مبتلا متعدد افراد کی حالت بھی غیر ہوئی جنہیں مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں لے جایا گیا سرکاری اسپتال بالخصوص جناح، سول اور عباسی اسپتال کے شعبہ حادثات میں مریضوں کا رش رہا جبکہ عملے کی کمی کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق جناح اسپتال کراچی ، سول اسپتال اور عباسی شہید اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں عید کے پہلےاور دوسرے روز درجنوں افراد کو بدہضمی ،ہیضے اور پیٹ میں تکلیف کی شکایت کے ساتھ لایا گیاجنہیں طبی سہولیات دی گئیں۔ ماہرین صحت کے مطابق شہریوں نے حفظان صحت کے اصولوں کونظر انداز کرتے ہوئے بے دریغ گوشت کا استعمال کیا، باربی کیو کے ساتھ زیادہ چکناہٹ اور دیر سے ہضم ہونے والی غذائیں کھائیں اور کولڈ ڈرنکس کا بھی استعمال کیا جس سے پیٹ کے امراض بڑھے۔ ماہرین صحت کے مطابق عید پر شہری بالخصوص بزرگ افراد بدپرہیزی کرتے ہیں اور گوشت کا مقررہ مقدار سے بہت زیادہ استعمال کر جاتے ہیں، بزرگ افراد عموماً ذیابطیس، بلڈ پریشر اور دل کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جنہیں گوشت کے کم استعمال کی اجازت ہوتی ہے لیکن وافر مقدار میں استعمال سے ان کا بلڈ پریشر قابو میں نہیں رہتا جبکہ وہ ڈائیریا اور گیسٹرو کے امراض میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں۔