کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت مسافروں کے حقوق کی محافظ ہے، عوام کو ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں لوٹنے نہیں دینگے۔محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے اضافی کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز پر 11لاکھ 56ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر عید کے تینوں دن تمام اضلاع میں بسوں اور کوچز کی چیکنگ کی گئی، مجموعی طور پر 883 بسوں اور کوچز کی چیکنگ کے نتیجے میں مسافروں سے وصول کی گئی اضافی کرایوں کی مد میں ایک کروڑ 4 لاکھ 16 ہزار روپے واپس دلائے گئے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 11 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔