کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس پولیس نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے برطانوی برانڈ کی جنگل بوائے ویڈ ، چرس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا ، پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے سرکاری نمبر پلیٹ لگی سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی برآمد کی ہے جو کہ مبینہ طور پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک رکن صوبائی اسمبلی کی پروٹوکول میں استعمال کی جانے والی گاڑی ہے۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈیفنس پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران منشیات کی خرید و فروخت اور اسکے استعمال میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت برطانوی نژاد پاکستانی سلیمان علی میمن اور شہریار کے نام سے کی گئی ، ڈیفنس پولیس نے ڈبل کیبن گاڑی کی تلاشی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بین الاقوامی معیار کی منشیات "ویڈ" (برطانوی برانڈ جنگل بوائے) ، چرس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سیاہ رنگ کی ویگو گاڑی میں سفر کر رہے تھے جس پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ جی بی اے 786 لگی ہوئی تھی جبکہ گاڑی پر پولیس کی مخصوص لائٹ بھی نصب تھی تاکہ گاڑی کو سرکاری ظاہر کر کے پولیس سے بچا جا سکے ، ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے مزید کہا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ قبضے میں لی گئی گاڑی دراصل بلوچستان کے علاقے کوئٹہ مستونگ سے تعلق رکھنے والے ایک رکن صوبائی اسمبلی کے پروٹوکول کی گاڑی ہے جسے سلیمان علی میمن کے نام پر کرایے پر دی گئی تھی، گرفتار ملزمان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس نوعیت کی گاڑیوں کو پولیس کی جانب سے روکا نہیں جاتا اور یہ محفوظ طریقے سے فرار ہونے کیلئے موزوں سمجھی جاتی ہے اس لیے مذکورہ گاڑی کو استعمال کیا گیا ، ڈیفنس پولیس گرفتار ملزمان سے ان کے گروہ میں شامل دیگر ممکنہ ساتھیوں ، سہولت کاروں اور گاڑی کرایے پر حاصل کرنے سے متعلق مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ، ڈیفنس پولیس نے ملزمان کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں ۔