اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) مالی سال 2025 کے جولائی تا مارچ کے دوران پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کا مجموعی استعمال 13.17ملین میٹرک ٹن رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.04فیصد زیادہ ہے۔ٹرانسپورٹ شعبے نے سب سے زیادہ (80 فیصد) استعمال کیا، جس میں 7.99فیصد اضافہ ہوا۔ صنعتی شعبے میں 7.35فیصد کمی، جبکہ بجلی کے شعبے میں 77.68فیصد نمایاں کمی ہوئی، جو فرنس آئل کے کم استعمال کی وجہ سے ہے۔گھریلو شعبے میں 7.34 فیصد اضافہ، زرعی شعبے میں 3.35فیصد کمی، اور سرکاری شعبے میں3.27فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بین الاقوامی (اوورسیز) شعبے میں پٹرولیم کے استعمال میں 57.18 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جو بڑھتی ہوئی بندرگاہی سرگرمیوں اور جہازوں کو ایندھن کی فراہمی کی وجہ سے ہے۔بجلی کے شعبے میں پٹرولیم کے استعمال میں کمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ اب بجلی کی پیداوار میں ہائیڈرو، نیوکلیئر، کوئلہ (خاص طور پر تھر کوئلہ) اور درآمد شدہ ایل این جی پر زیادہ انحصار کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے فرنس آئل پر انحصار کم ہو گیا ہے۔