کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)نجی آئل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو /منیجنگ ڈائریکٹر حاجی رضا شاہ مینگل نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ روڈ پر میرے گودام میں لگنے والی آگ سے لاکھوں لیٹر آئل جل گیا جس سے تقریباً 7 کروڑ روپے کا نقصان ہوا اور6گاڑیاں بھی جل گئیں اس وقت 50 کے قریب لوگوں کا روزگار کمپنی سے وابستہ ہے جس انداز میں نقصان ہوا ہے اس سے کاروبار خاص کر مزدوروں کے روزگار پر برے اثرات مرتب ہوئےہیں انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کمپنی کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے تاکہ فوری طور پر کاروباری سرگرمیاں بحال کرکے مزدوروں کوروزگارکاتحفظ مل سکے انہوںنے آتشزدگی کے دوران کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات ، چیمبر آف کامرس کے صدر ایوب مریانی ،آغا گل خلجی، پی ڈی ایم اے کے آفیسران طارق فیصل، عطاء اللہ مینگل ودیگر حکام ‘میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور فائر بریگیڈ کے عملے کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کاوشوں کی بدولت آگ پر قابو پاکر ملحقہ آبادی اور کاروباری مراکز کو مزید نقصان سے بچایا گیا۔