کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں وقت کی پیمائش کا نظام تبدیل ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ پیرس کے قریب ورسائی میں عالمی ادارے کے اجلاس میں گھڑیوں میں اضافی سیکنڈ شامل کرنے کا نظام ختم کرنے سمیت اہم تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔ لیپ سیکنڈ کا مقصد گھڑیوں کے وقت کو زمین کی گردش کے ساتھ ہم آہنگ رکھنا ہے، کیونکہ زمین اپنے محور پر بالکل یکساں رفتار سے نہیں گھومتی اور اس کی گردش بتدریج سست ہورہی ہے۔ 1972 سے اب تک عالمی وقت میں 27 مرتبہ اضافی سیکنڈ شامل کیے جاچکے ہیں، آخری بار یہ اضافہ 31 دسمبر 2016 کو کیا گیا تھا۔ تاہم اس نظام کے باعث کمپیوٹر نیٹ ورکس، مالیاتی منڈیوں اور ڈیٹا سینٹرز میں تکنیکی مسائل پیدا ہونے کے خدشات کے پیش نظر اسے ختم کرنے کی حمایت بڑھ رہی ہے۔