• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھریلو گیس صارفین کیلئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 400 روپے سے بڑھا کر 450 روپے ماہانہ جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے چارجز 1000 روپے سے بڑھا کر 1400 روپے ماہانہ کر دیے گئے ہیں جبکہ 1.5 کیوبک میٹر سے زیادہ گیس استعمال والے صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 2 ہزار سے بڑھا کر 2400 روپے ماہانہ کر دیے گئے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں چینی درآمد کرے کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ گھریلو صارفین کے لیے صرف فکسڈ چارجز میں معمولی ردوبدل کیا جائے گا جبکہ گیس پر چلنے والے پاور پلانٹ اور صنعتوں کے لیے قیمت میں اوسطاً 10 فیصد اضافہ ہو گا۔

اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے چینی کی درآمد سے متعلق تجویز پر غور کیا گیا اور معاملے میں 10 رکنی اسٹیرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ کریں گے، ممبران میں وزیرِ تجارت، معاونِ خصوصی امورِ خارجہ شامل ہوں گے۔

ای سی سی اجلاس میں وزارتِ دفاع کے لیے 15 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ کی گرانٹ منظورکی گئی، جس کا مقصد مسلح افواج کی تنخواہیں، الاؤنسز اور واجبات کی ادائیگی ہے۔

اعلامیے کے مطابق گرانٹ کے ذریعے حالیہ پاک، بھارت جنگ کے شہداء کے لیے وزیرِ اعظم پیکیج کے تحت واجبات کی ادائیگی کی جائے گی۔

ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزارتِ خزانہ کے لیے 6 اعشاریہ 3 کروڑ، 829 ارب 67 کروڑ کی 2 گرانٹس اور 1 ہزار 774 ارب کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق وزارتِ خزانہ کے لیے منظور شدہ گرانٹس ملکی اور غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے خرچ کی جائیں گی۔

ای سی سی کے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزارتِ خارجہ کے لیے 10 کروڑ، وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے لیے 1 اعشاریہ 765 ارب روپے، اسلام آباد پولیس کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 30 کروڑ کی گرانٹس منظور کی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں امن و امان کے دوران سروسز فراہم کرنے والے وینڈرز کے لیے 10 کروڑ، دارالحکومت کے پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، جدید تحقیقاتی آلات کی دستیابی کے لیے 5 کروڑ اور فرنٹیئر کور خیبر پختون خوا کے لیے 10 کروڑ کی گرانٹس منظور کی گئیں۔

ای سی سی کے اعلامیے کے مطابق اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے لیے ساڑھے 5 ارب، پیٹرولیم ڈویژن کے لیے 11 اعشاریہ797 کروڑ، بلوچستان میں تعینات پولیس اور سول افسران کے لیے 25 اعشاریہ 457 کروڑ اور ایگزیکٹیو بلڈنگ اسلام آباد کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے 19 اعشاریہ 8 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹس منظور کی گئیں۔

تجارتی خبریں سے مزید