پشاور( جنگ نیوز )قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ خیبر پختونخوااور بالخصوص جنوبی اضلاع میں امن وامان کی گھمبیر صورتحال کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے کیونکہ حکمران اپنی نااہلی کی وجہ سے جنوبی اضلاع میں عملداری کھو چکے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عدم توجہی کی بدولت وہاں پر حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیںجس سے عوام میں پائی جانے والی مایوسی میں اضافہ ہورہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع کوہاٹ میں قومی وطن پارٹی کی ضلعی کابینہ اور پارٹی مشران کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع کوہاٹ کے مقامی عہدیداروں اور مشران کے علاوہ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل مہمند،صوبائی جائنٹ سیکرٹری محمود الاسلام ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف عدم توجہ کی بدولت عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بے چینی پائی جارہی ہے کیونکہ حکمرانوں نے لوگوں کو دہشت گرد وں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ صوبے کے وزیراعلیٰ کا تعلق جنوبی اضلاع سے ہیں لیکن اس کے باوجودوہاں پر امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے بار بار اس بنیادی نوعیت کے مسئلہ کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی ہے لیکن حکمران ٹھوس اقدامات اٹھانے کی بجائے سیاسی ریلیوں اور جلسے جلوسوں میں مگن ر ہے ہیںاوردکھائی ایسے دے رہا ہے کہ انہیں صوبے کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ سکندر شیرپاوٗ نے کہا کہ حکومت نے صوبائی بجٹ کی منظوری کو ایک سیاسی مسئلہ بنایا جس سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ۔ صوبہ کے جنوبی اضلاع کے حوالے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہاں کے عوام تیل اور گیس کی وافر مقدار میں پیداوار کے باوجود محرومی کا شکار ہیں جبکہ آئین کے مطابق قدرتی وسائل پر پہلا حق وہاںکے لوگوں کا بنتا ہے لیکن بد قسمتی سے جنوبی اضلاع کے عوام تا حال ان سہولیات سے محروم ہیں۔