اسلام آباد(رانا غلام قادر ) وفاقی بیو رو کریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کے سالا نہ گوشو اروں اور واجبات کا ڈیکلریشن جمع کرانے کیلئے تیار ہوجائیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سروس گروپوں اور وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کےافسران اور ملازمین کو 30جون2025کو ختم ہونے والے ما لی سال کے مالی اثاثوں کے گوشوارے 25جولائی تک جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دیدی ۔یہ اثاثے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ فارم پر ڈیکلئر کئے جائیں گے جن میں منقولہ و غیر منقولہ جائیداد بھی ظاہر کرناہوگی ۔ اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ʼبدانتظامی کامرتکب قرار دے کر ان کی ترقی روکنے سمیت سخت کارروائی کا سامنا ہو گا۔ تمام وزارتوں و ڈویژنز کے افسران و اہلکاروں کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ویب سائیٹ پر دستیاب مطلوبہ فارم پر اپنے اثاثوں کا ڈکلیئریشن 25 جولائی تک حتمی طور پر جمع کروانا ہو گا، پولیس سروس آف پاکستان، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، سیکریٹریٹ گروپ آفس، مینجمنٹ گروپ کے افسران کا ریکارڈ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن خود رکھے گا، ان گروپس کے افسران کا ڈکلیئریشن براہ راست ڈویژن کو 25 جولائی تک بھیجا جائے گا جبکہ صوبوں میں تعینات ان گروپس کے افسران تاخیر سے بچنے کیلئے ایک کاپی براہ راست ڈویژن کو بھیجیں گے، دیگر تمام گروپس/کیڈرز کا اعلان ان کی متعلقہ وزارت/ڈویژن محفوظ رکھے گی، وزارتوں/ڈویژنز کو پابندی کے ساتھ یہ تصدیق نامہ 25 ستمبر 2025ء تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھیجنا ہو گا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ اثاثوں کو ظاہر کرنے میں ناکامی یا تاخیر ʼسول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020ʼ کے رول 2 (k) کے تحت "بدانتظامی" (Misconduct) تصور ہو گی۔