لاہور(پ ر) فاطمہ فرٹیلائزر نے ʼʼسرسبز تعبیرʼʼ پروگرام کے تحت مختار اے شیخ میموریل ویلفیئر اسپتال (MASH) اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے دیہی خواتین اور خواتین کسانوں کی صحت کے لئے طبی مہم کا آغاز کر دیا۔ مہم کے تحت پہلا طبی کیمپ تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کہروڑ پکا، ضلع لودھراں میں لگایا گیا۔ کیمپ میں 400 سے زائدخواتین کسانوں اور بچوں کو مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں ماہر امراض نسواں، بچوں کے امراض، گردوں کے امراض، فیملی میڈیسن، مینٹل ہیلتھ اور آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں نے شرکت کی۔کیمپ کا مقصد ان علاقوں میں طبی سہولیات فراہم کرنا ہے جہاں ان سہولیات کا فقدان ہے۔ اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، اسسٹنٹ کمشنر اشرف صالح خان، MASH کے نمائندے بابر اور فاطمہ فرٹیلائزر کی برانڈ منیجر نور ملک بھی موجود تھے۔