• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کا سب سے بڑا مریخی پتھر نیلامی کیلئے پیش

تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

دنیا کا سب سے بڑا مریخی پتھر NWA 16788 رواں ماہ نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تاریخی پتھر 40 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہو سکتا ہے۔

یہ پتھر 24.5 کلوگرام (54 پاؤنڈ) وزنی ہے، جو عموماً زمین پر پائے جانے والے مریخی پتھروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بھاری ہے کیونکہ عام مریخی شہابیے چھوٹے ٹکڑوں کی شکل میں ہوتے ہیں۔ 

یہ پتھر نومبر 2023ء میں نائجر کے دور افتادہ علاقے اگادیز سے دریافت ہوا اور بتایا جا رہا ہے کہ یہ زمین پر پایا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا مریخی شہابیہ ہے، جو کہ اس سے پہلے ملنے والے سب سے بڑے مریخی ٹکڑے سے 70 فیصد بڑا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ پتھر مریخ پر کسی شہابِ ثاقب سے خلا میں پھینکا گیا اور زمین کے ماحول سے گزرتے ہوئے اس پر ایک شیشے جیسی تہہ بھی بن گئی ہے، جو اب بھی اس کی سطح پر دیکھی جا سکتی ہے۔

نیلامی کرنے والی کمپنی سوتھپیز کی نائب چیئرپرسن کیسینڈرا ہیٹن نے اسے ایک نسل میں ایک بار ملنے والی دریافت قرار دیا ہے۔ 

یہ شہابیہ 16 جولائی کو سوتھبیز نیویارک میں نیلام کیا جائے گا، اس کا ایک نمونہ چین کے پرپل ماؤنٹین آبزرویٹری میں محفوظ کر لیا گیا ہے تاکہ سائنسی تحقیق جاری رہ سکے۔

یاد رہے فروری 2021ء میں ایک شہابیہ کریسٹی نیلام گھر میں 2 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا، جبکہ اس کی متوقع قیمت صرف 30 سے 50 ہزار ڈالر تھی۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید