غزہ کی پٹی میں حماس کے زیرانتظام وزارت داخلہ نے تنبیہی بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی عوام امریکی امدادی ادارہ غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون نہ کریں۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کی وزارت داخلہ نے کہا کہ امریکی امدادی ادارہ فلسطینی عوام کی داد رسی اور مدد کیلئے قائم نہیں کیا گیا، امریکی امدادی مراکز فلسطینیوں کی شکار گاہیں اور تذلیل کی آماجگاہیں بن چکی ہیں۔
حماس کی وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج امدادی ادارے سے گٹھ جوڑ کر کے بھوکے فلسطینیوں کا اجتماعی قتل عام کر رہی ہے۔
حماس کی وزارت داخلہ نے کہا کہ فلسطینی شہری امریکی امدادی ادارے کے جال سے بچنے کی کوشش کریں اور امریکی امدادی ادارے کے ساتھ ہر قسم کی لین دین اور تعاون سے گریز کریں۔