یوں لگ رہا ہے کہ وقت حقیقت میں تھمنے لگا ہے کیونکہ رواں سال زمین پر موسم گرما کے دوران غیر معمولی طور پر مختصر دن دیکھنے کو ملیں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ زمین پر رواں سال لوگ غیر معمولی طور پر کم سے کم 3 دن چھوٹے دیکھیں گے کیونکہ زمین کی گردش غیر متوقع طور پر تیز ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عام طور پر زمین کی گردش تقریباً 86 ہزار 400 سیکنڈز یا 24 گھنٹے کے برابر ہوتی ہے لیکن رواں سال موسم گرما کے دوران 3 مخصوص دنوں میں گھڑی سے 1.51 ملی سیکنڈز کم ہو جائے گی۔
انٹرنیشنل روٹیشن اینڈ ریفرنس سسٹم سروس کے مطابق 9 جولائی، 22 جولائی اور 5 اگست کو دن چھوٹے ہوں گے اور یہ 3 دن 2020ء کے بعد ریکارڈ کیے گئے مختصر ترین دنوں میں شمار ہوں گے۔
سائنسدان ان مخصوص دنوں کے چھوٹے ہونے کی وجہ چاند کے خط استوا سے دور ہونے کو قرار دے رہے ہیں کیونکہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ چاند کے خطِ استوا سے دور ہونے پر زمین کی گردش کی رفتار متاثر ہوتی ہے لیکن ماہرین نے ابھی تک زمین کی گردش تیز ہونے کی صحیح وجہ کی نشاندہی نہیں کی۔
واضح رہے کہ 2020ء کے بعد اس سے قبل 2024ء میں سب سے چھوٹا دن 5 جولائی کو ریکارڈ کیا گیا تھا جب گھڑی سے 1.66 ملی سیکنڈز کم ہوئے تھے۔