کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے تحت شہید کشمیری رہنماء برہان مظفر وانی کی 9 ویں برسی کے موقع پر ان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے بنیان مرصوص ریلی آرٹس کونسل کراچی پریس کلب تک نکالی گئی ،ریلی میں کشمیری ،سیاسی،مذہبی جماعتوں ،سول سوسائٹی،مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،ریلی میں کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھارکھے تھے،قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کی ،ریلی میں شریک رہنمائوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید کشمیری رہنماء برہان وانی کا تحریک آزادی کشمیر کی پرامن جدوجہد کا مشن جاری رہے گا،کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا کہ ریلی میں شریک قائدین نے دنیا کو یہ پیغام دیدیا کہ کشمیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق چاہتے ہیں،فیلڈ مارشل نے واضح طور پر قائداعظم کا یہ پیغام دہرایا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،ہم نے کشمیر پر 3جنگیں لڑی ہیں کشمیریوں کیلئے اگر مزید 10جنگیں لڑنا پڑیں تو لڑیں گے، ہم فیلڈ ماشل کےاس بیان کی تائید کرتے ہیں ،جنگیں عددی برتری کے ساتھ نہیں جذبہ ایمانی کے ساتھ لڑی جاتی ہیں ۔