کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں مخدوش اور خطرناک 740 عمارتوں کے سروے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ جن 59عمارتوں کو مکینوں سے خالی کروایا گیا ہے ان کے متاثرین کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کے ساتھ ان کی مستقل بحالی کے لئے آباد ایک ہفتہ میں اپنی رپورٹ مرتب کرے، آئندہ اجلاس میں سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کے ایک ایک رکن کو کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی اور انہیں سندھ حکومت کی جانب سے ان متاثرہ عمارتوں اور ان کے مکینوں کے لئے اب تک کے کئے جانے والے اقدامات پر مکمل بریفنگ دی جائے گی۔ کمیٹی اپنے آئندہ کے اجلاس کے بعد اپنی رپورٹ اور تجاویز وزیر اعلٰی سندھ کو پیش کردے گی، جس میں ان سے اس حوالے سے فوری اقدامات کے لئے درخواست کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کراچی کے دفتر میں صوبے بھر میں مخدوش اور خطرناک قرار دی گئی عمارتوں اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کے تیسرے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، گذشتہ مٹینگ کے حوالے سے کمشنر کراچی نے اپنی رپورٹ پیش کی۔