• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھوے بھی جذبات محسوس کر سکتے ہیں: تحقیق میں انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ایک حیران کن اور انقلابی تحقیق نے یہ انکشاف کیا ہے کہ کچھوے ناصرف انسانی جذبات کو محسوس کر سکتے ہیں بلکہ وہ خود بھی طویل مدتی موڈز اور احساسات رکھتے ہیں۔

یہ تحقیق برطانیہ کی یونیورسٹی آف لنکن کے ماہرین نے کی ہے، جنہوں نے ریڈ-فوٹڈ ٹورٹوز (Red-footed Tortoises) کی جذباتی حالت کا تجزیہ کیا۔ تحقیق کے مطابق یہ کچھوے انسانی مثبت جذبات جیسے اُمید اور خوش مزاجی کو محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تحقیقی ٹیم کے سربراہ پروفیسر اولیور برن مین نے کہا کہ یہ نتائج اس سوچ میں ایک بڑی تبدیلی کی نمائندگی کرتے ہیں کہ رینگنے والے جانور (reptiles) کیا محسوس کر سکتے ہیں۔

تحقیق میں 15 کچھوؤں کا معائنہ کیا گیا اور ان پر وہی جذباتی ردعمل کے تجربات کیے گئے جو عام طور پر پرندوں اور ممالیہ جانوروں پر کیے جاتے ہیں۔

ماہرین نے جان بوجھ کر کچھوؤں کو غیر واضح یا مبہم صورتحال میں رکھا تاکہ ان کے ممکنہ احساسات کا اندازہ لگایا جا سکے۔

وہ کچھوے جو بہتر اور مثبت ماحول میں رکھے گئے تھے، انہوں نے زیادہ امید افزا اور مثبت ردعمل دیے، ایسے کچھوے جو پہلے مثبت انتخاب کرتے پائے گئے، وہ بعد میں کم پریشان یا بےچینی کا شکار دکھائی دیے۔

یونیورسٹی آف لنکن کی ماہر حیوانات پروفیسر انا وِلکنسن نے کہا کہ جانوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق خدشات تبھی معتبر ہوتے ہیں جب یہ ثابت کیا جا سکے کہ وہ جذباتی کیفیت محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ اب ریپٹائلز (رینگنے والے جانور) کو گھریلو پالتو جانور کے طور پر رکھا جا رہا ہے، اس لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ قید میں رہنے کا ان کے ذہنی و جذباتی حالات پر کیا اثر پڑتا ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید