پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا میں بیماریوں کی نگرانی کے نظام انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس رسپانس سسٹم (آئی ڈی آر ایس) کو مضبوط بنانے کے لئے کمیونٹی بیسڈ سرویلنس، اس کے ماڈیولز اور رپورٹنگ فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لئے دو روزہ مشاورتی ورکشاپ ختم ہوگئی جس کا مقصد خیبر پختونخوا میں آئی ڈی آر ایس کو مؤثر بنانے کے لئے عوامی سطح پر نگرانی اور 7-1-7 فریم ورک کے ٹولز، رپورٹنگ فارمیٹس اور عملی ماڈیولز کو تیار کرنا اور ان کو حتمی شکل دینا تھا۔ ورکشاپ محکمہ صحت خیبر پختونخوا اور قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اسلام آباد کے اشتراک سے برطانیہ کی ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی (یو کے ایچ ایس اے) کی تکنیکی معاونت سے منعقد کی گئی۔ ورکشاپ میں خیبر پختونخوا بھر سے نامزد کردہ 25 سے زائد محکمہ صحت کے اہلکاروں نے شرکت کی جن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، سرویلنس افسران، پبلک ہیلتھ کوآرڈی نیٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کوآرڈی نیٹرز، صوبائی اور ضلعی پروگرام منیجرز اور میڈیا فوکل پرسنز سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز شامل تھے۔