امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی ایک رومانوی اور ڈریمی منگنی کے بعد خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، تاہم شادی کے معاملے میں دونوں ایک سادہ اور نجی تقریب کے خواہاں ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات اپنے خاص دن پر کسی شاہی شادی یا بڑی تقریب کے بجائے صرف اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں کے ساتھ مختصر تقریب میں شادی کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جوڑے نے فی الحال شادی کی منصوبہ بندی شروع نہیں کی اور اس وقت وہ صرف اپنی منگنی کے خوشگوار لمحوں کو انجوائے کر رہے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں خاندان اس رشتے پر بےحد خوش ہیں، جشن کی محفلیں اور مبارک بادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ٹریوس کی والدہ ڈونا اپنے بیٹے اور ٹیلر کی منگنی سے متعلق یادگار لمحات کو محفوظ کرنے میں مصروف ہیں، انہوں نے اپنے فیس بک کور پر ٹیلر اور ٹریوس کی بچپن کی تصاویر شیئر کیں اور اس پر لکھا ہے کہ یہ دونوں شادی کرنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے سوشل میڈیا پر اپنی منگنی کا اعلان کیا اور گلابوں اور پھولوں سے سجے باغ میں لی گئی دلکش تصویریں شیئر کیں۔
یاد رہے کہ ٹریوس کیلس نے اپنے گھر کے باغ میں ایک قیمتی ڈائمنڈ رنگ کے ساتھ پروپوز کیا، جو انہوں نے خود ڈیزائن کروائی تھی۔