برطانیہ میں دنیا کے معروف ترین ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025ء میں پاک فضائیہ کے دنیا کی بہترین فضائی افواج کے درمیان 2 اعلیٰ اعزازات اپنےنام کرنے کی عظیم کامیابی پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پی اے ایف کے دستے کو مبارک باد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 کے موقع پر ایئر چیفس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں عالمی فضائی افواج کے سربراہان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھر پور سراہا اور پاک فضائیہ کےطیاروں کی دلکش پینٹ اسکیمز کی بھی بھرپور تعریف کی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی پرچم کو سر بلند رکھنا ہمیشہ پاک فضائیہ کی پہچان رہی ہے، ان باوقار اعزازات کا حصول ہماری پیشہ ورانہ قابلیت، تکنیکی مہارت اور ہماری اعلیٰ معیار کے حصول کی مسلسل جستجو کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔
ایئر چیف نے پاکستان کی حقیقی صلاحیت کو فخر کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرنے پر پوری ٹیم کی تعریف کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر بلاک سی نے ایئر شو میں پہلی مرتبہ شرکت کی، جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کو Spirit of the Meet ٹرافی سے نوازا گیا۔