• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کردی

پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ جیت لی ہے۔

پاکستان نے دو سیٹس کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے تین ۔ دو کی کامیابی حاصل کی، پاکستان کی جانب سے جنید اور فیضان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

تھائی لینڈ کے شہر ناکھون پاتھوم میں ہونیوالی چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان اور ایران کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیمیں کسی بھی موقع پر ہمت ہارنے کو تیار نہ تھی تاہم آخر میں پاکستان ٹیم بہتر ثابت ہوئی۔

فائنل کے ابتدائی دو سیٹس ایران نے 25-22 اور 25-21 کے اسکور سے جیتے ۔ تیسرے سیٹ میں ایک موقع پر پاکستان کو 17-11 سے برتری تھی، لیکن ایران نے بھرپور مزاحمت کی 24-24 پر مقابلہ برابر کیا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے میچ پوائنٹس روکے اور بالآخر پاکستان نے تیسرا سیٹ 30-28 سے جیت کر میچ میں کم بیک کیا۔

چوتھے سیٹ میں پاکستان نے ابتدا ہی سے ایران پر دباؤ رکھا،  گو کہ ایران کی ٹیم نے مزاحمت کی لیکن پاکستان چوتھا سیٹ 25-21 سے جیت کر مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب رہا۔

فیصلہ کن سیٹ میں پاکستانی پلیئرز نے ایران کو قریب نہ آنے دیا اور 15-10 کے اسکور سے پانچواں سیٹ جیت کر تین ۔ دو کی فتح مکمل کی اور کورٹ پر سجدہ ریز ہوئے۔

پاکستان نے دو گھنٹے سات منٹ جاری رہنے والے میچ میں مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22-25، 21-25، 30-28، 25-21 اور 15-10 سے کامیابی حاصل کی ۔

پاکستان کی جانب سے محمد جنید اور فیضان اللہ نے شاندار کھیل پیش کیا ۔ جنید نے 24 اٹیک پوائنٹس سمیت 28 پوائنٹس بنائے، فیضان اللہ نے 18 اٹیک اور چار بلاک پوائنٹس سمیت 22 پوائنٹس بٹورے ۔

ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے ایران کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین۔دو سے ہرایا، پاکستان نے ابتدائی دو سیٹس ہارنے کے بعد کم بیک کرکے تاریخی فتح اپنے نام کی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید