بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کے اندہوناک واقعے پر اداکارہ ہانیہ عامر اور نعیمہ بٹ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر قتل کے المناک واقعے نے عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات بھی اس ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہیں۔
اداکارہ ہانیہ عامر اور نعیمہ بٹ نے سوشل میڈیا پر اس بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور معاشرتی اقدار و رویوں پر سنجیدہ سوالات اٹھائے۔
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ایک جملے پر مشتمل تصویر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ اگر عورتیں غیرت کے نام پر قتل کرنے لگیں تو ایک مرد بھی زندہ نہ بچے۔
اگرچہ انہوں نے اس پر کوئی تفصیلی کیپشن نہیں لکھا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اسے بلوچستان کے واقعے سے جوڑتے ہوئے ایک مضبوط موقف قرار دیا۔
اداکارہ نعیمہ بٹ نے بھی واقعے کی تصویر شیئر کی اور اس کے ساتھ ایک جذباتی کیپشن لکھا کہ بزدلی دیکھنی ہے؟ ہاتھ میں بندوق ہے، بہادری دیکھنی ہے؟ ہاتھ میں قرآن ہے، پوری کہانی یہی ہے۔
ان کی پوسٹ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے جذبات کی تائید کی۔
سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل بھرپور رہا اور صارفین نے دونوں اداکاراؤں کی جرات کو سراہتے ہوئے قانون کی بالادستی اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ کی ویڈیو حالیہ دنوں وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا گیا کہ کچھ مسلح افراد ایک مرد اور عورت کو دور دراز علاقے میں لے جا کر الگ کھڑا کرتے ہیں اور پھر فائرنگ کرکے انہیں قتل کر دیتے ہیں۔